بھٹکل 13؍اپریل (ایس او نیوز) معذور بچوں کی زندگی پر بنی بچوں کی کنڑا فیچرفلم ’’ویروپا‘‘ریاست گیر پیمانے پر جمعہ کے دن ریلیز کی گئی۔ اس فلم میں بھٹکل منڈلّی کے رہنے والے شائیل نامی نابینا لڑکے نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فلم کی ریلیز سے پہلے شائیل کے والدین نے اور علاقے کے لوگوں نے اپنے شہر کے لڑکے کی اس کامیابی پر بھٹکل کے پشپانجلی تھیٹرمیں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے ہوئے جشن منایا۔ایک سادہ سی تقریب کا افتتاح منڈلّی چرچ کے فادر نکولس ڈیسوزا نے کیا اور نابینا کلاکار شائیل اور فلم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جبکہ ایڈوکیٹ وکٹر گومس نے کہا کہ معذور بچوں کی زندگی پر بنی اس
فلم سے عوام کے لئے ایک اچھا پیغام جائے گا۔سی آر پی گوپال نائک نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی زندگی میں بھی شائیل اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہا ہے۔ اس سے بقیہ معذور بچوں کو حوصلہ ملے گا۔ شائیل کی خفیہ صلاحیتوں کو ابھارنے میں اس کے والدین کا کردار بہت اہم رہا ہے۔
پونیک شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک گھنٹہ چالیس منٹ پر مشتمل اس فلم کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ فرانس کے مشہور پتنگ باز ڈیانیئل نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس میں نابینا شائیل کے علاوہ ٹمکور قوت سماعت سے محروم لڑکے چرن کے علاوہ ہوسپیٹ کے ایک اور لڑکے نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔